ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں ٹریفک کے اژدہام کو قابو میں کرنے کے لئے نائب وزیر اعلیٰ کی پہل، اسٹیل برڈج کی تعمیر کے منصوبے میں نئی جان

بنگلورو میں ٹریفک کے اژدہام کو قابو میں کرنے کے لئے نائب وزیر اعلیٰ کی پہل، اسٹیل برڈج کی تعمیر کے منصوبے میں نئی جان

Wed, 02 Jan 2019 00:29:05    S.O. News Service

بنگلورو، یکم جنوری(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ اور وزیر برائے ترقیات بنگلور ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ شہر بنگلور میں ٹریفک کے اژدہام کو کم کرنے کے لئے اسٹیل برڈج کی تعمیر کے منصوبے پر از سر نو غور کیا جائے گا۔ پچھلی سدرامیا حکومت میں کرپشن کے الزامات کے سبب ودھان سودھا سے ہبال تک کے مجوزہ اسٹیل برڈج کے پراجکٹ کو واپس لینا پڑاتھا۔

آج ڈاکٹر پرمیشور نے اس پراجکٹ کے سلسلے میں اپنی رہائش گاہ پر بی بی ایم پی اور بی ڈی اے افسروں سے تبادلۂ خیال کیا۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر پرمیشور نے مجوزہ اسٹیل برڈج پراجکٹ کے بارے میں ریاستی حکومت کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ اس پراجکٹ کو عوامی شراکت سے تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی، اس سلسلے میں عوام کی جو رائے ہوگی حکومت اس پر عمل کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ فی الوقت شہر کی مصروف ٹریفک کے سبب شہر سے ایرپورٹ پہنچنے کے لئے کم از کم 45منٹ کا وقفہ درکار ہے۔ اسٹیل برڈج کی تعمیر سے اس وقفے کو گھٹا کر 20تا22منٹ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پراجکٹ سے متعلق تمام تفصیلات بلو پرنٹ وغیرہ عوام کے سامنے رکھا جائے گا اور اس پر نہ صرف عوام سے مشورے طلب کئے جائیں گے بلکہ اعتراضات بھی کھل کر پیش کئے جاسکتے ہیں۔ ان تمام مشوروں اوراعتراضوں کا جائزہ لینے کے بعد حکومت طے کرے گی کہ پراجکٹ کو کس طرح آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے سدرامیا کے دور حکومت میں اسٹیل برڈج پراجکٹ میں محض سیاسی مقاصد کو سامنے رکھ کر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ ریاستی حکومت پر رشوت لینے کاا لزام لگایا گیا، جبکہ حکومت نے عوامی مزاحمت کو دیکھتے ہوئے پراجکٹ کو ہی منسوخ کردیا۔اس میں رشوت ستانی کا سوال کیوں کر پیدا ہوا۔ یاد رہے کہ 6.7 کلومیٹر طویل اسٹیل برڈج پراجکٹ 1856 کروڑ روپیوں کی لاگت پر بننے جارہاتھا، اس سے پہلے کہ پراجکٹ شروع کیا جاتا حکومت پر طرح طرح کے الزامات لگنے شروع ہوگئے، یہاں تک کہ وزیراعلیٰ سدرامیا پر بھی 65کروڑ روپیوں کی رشوت لینے کا الزام عائد کردیاگیا۔ ماحولیاتی کارکنوں نے اس مجوزہ برڈج کی وجہ سے 67 درختوں کے کٹ جانے کے معاملے کو رائی کا پہاڑ دیا اور نیشنل گرین ٹریبونل تک بھی پہنچ گیا۔ٹریبونل نے مداخلت کرتے ہوئے اس پراجکٹ پر روک لگادی تھی، اب نائب وزیر اعلیٰ ایک بار پھر اسی پراجکٹ کو شروع کرنے کی بات کررہے ہیں۔


Share: